اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 9 مختلف کاروائیوں میں ایک ٹن 364 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سب سے بڑی کاروائی پشین کے نواحی علاقے میں کی گئی جہاں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی ساڑھے 12 سو کلو منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق پشین کے علاقے کلی پانی کئی میں منشیات کیخلاف ایک بڑی کاروائی میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 520 کلو افیون 80 کلو ہیروئن اور 650 کلو چرس برآمد کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سوار 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے 36 کلو افیون اور 28 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح اسلام آباد سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے 18 کلو افیون اور 12 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق پشاور باچا خان ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 593 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں مسافر بس میں سوار ملزم سے 970 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ کیلئے بُک کردہ پارسل سے 792 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ملتان شیرشاہ ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سوار ایک ملزم سے 4 کلو 800 گرام چرس اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔ ملتان وہاڑی چوک کے قریب ملزم سے 2 کلو 400 گرام،جبکہ کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوئٹہ سے بھیجے گئے پارسل سے 7 کلو چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈ کوارٹر ان تمام کاروائیوں میں گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکےان کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔