لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اور صدر عارف علوی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر سیاسی، آئینی اور قانونی امور زیر بحث آئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تقریباً 45 منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران صدر عارف علوی اور عمران خان نے تمام پہلوؤں سے اس تقرری کا احاطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں اور ساڑھے چھ اور سات بجے کے درمیان ایوان صدر اس ضمن میں ایک آفیشل ہینڈ آؤٹ جاری کرے گا۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ اس ہینڈ آؤٹ میں عمران خان اور عارف علوی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کی گئی گفتگو کے نتیجے میں اپنا موقف پیش کیا جائے گا اور تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے۔