راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی افسر کے دعوے اور غیر حقیقی عزائم توہین آمیز ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے پیغام میں بھارتی فوج کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی فوج کے ایک اعلیٰ افسر کا نامعقول بیان بھارتی مسلح افواج کی فریب خوردہ ذہنیت کا ایک مناسب مظہر ہے اور بھارتی فوجی سوچ پر ملکی سیاسی شو بوٹنگ کے واضح نقوش کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد “لانچ پیڈز” اور “دہشت گردوں” کے جھوٹے ریمارکس اور بے بنیاد الزامات ہندوستانی فوج کے طاقت کے جابرانہ استعمال اور بے گناہوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ غیر مسلح کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جو کہ بین الاقوامی قانون کے ذریعے برقرار ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ایک طاقت ہے اور علاقائی امن و استحکام کا حامی ہے تاہم امن کی یہ خواہش ہماری سر زمین کے خلاف کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کو ناکام بنانے کی ہماری صلاحیت اور تیاری سے مماثل ہے ۔ یہ دعویٰ متعدد مواقع پر جامع طور پر تصدیق شدہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بالاکوٹ واقعہ سمیت خطے کے امن کے مفاد میں اپنے سیاسی آقاؤں کے رجعت پسند نظریے کے لیے انتخابی حمایت کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوستانی فوج غیر ذمہ دارانہ بیان بازی اور وحشیانہ گفتگو سے پرہیزکرے یہ ہی اس کے لیے بہتر ہے۔