گلگت: خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی نشستوں کا اعلان ہونے کے بعد تحریک انصاف کی بائیس نشستیں ہو گئی ہیں۔ سرکاری نتائج کے مطابق ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹیکنوکریٹس کی تین اور خواتین کی چھ مخصوص نشستوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے جاری کیا ہے۔
تحریک انصاف کو ٹیکنوکریٹس کی تین میں سے دو نشستیں ملی ہیں اور ایک نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اکبر علی اور فضل رحیم جبکہ پیپلزپارٹی کے غلام سروع ٹیکنو کریٹس کی نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔
خواتین کی چھ مخصوص نشستوں میں سے چار تحریک انصاف کو ملیں جبکہ ایک مخصوص نشست پیپلز پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ن) لیگ کو ملی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی کلثوم الیاس، کنیز فاطمہ، ثریا زمان اور دلشاد بانو منتخب ہوئیں۔ ن لیگ کی صنم بی بی اور پیپلز پارٹی کی سعدیہ دانش خواتین کی مخصوص نشستوں پر قانون اسمبلی میں پہنچیں ہیں۔
گلگت بلتستان الیکشن کے سرکاری نتائج کے مطابق تحرین انصاف کو دس نشتوں پر کامیابی ملی جبکہ چھ کامیاب آزاد امیدواروں نے تحریک انصاف کو جوائن کیا۔
خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی نشستوں کی تقسیم کے بعد گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے 33 کے ایوان میں بائیس نشستیں تحریک انصاف نے حاصل کی ہیں جس کے بعد وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی۔