راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ۔ کانفرنس میں جیو اسٹریٹیجک، علاقائی ،قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی صورت حال کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی سازشوں اور دہشت گردوں کی ٹریننگ اور مالی معاونت کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز نے اجلاس کے دوران اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی حملوں سے آبادی کو بچانے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا جبکہ بھارت، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔
عسکری قیادت نے وبا کی دوسری لہر سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر بھی غور کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج وبا سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے اپنے بھر پور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک آرمی ریاستی اداروں اور قوم کی حمایت سے اندرونی و بیرونی چیلنجوں پر قابو پا لے گی۔
کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ بھارتی فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کو محفوظ بنایا جائے گا اور کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا۔