نواز شریف سے چودھری برادران کا رابطہ، والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت

05:08 PM, 24 Nov, 2020

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف سے چودھری برادران کا ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے میاں نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین کی صحت بارے دریافت کرتے ہوئے کہا دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔

چودھری شجاعت حسین نے نواز شریف کو کہا کہ آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی تھی جبکہ وہ انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون تھیں اور ہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آپ کی والدہ تمام خاندان کیلئے ایک شفیق سائبان تھیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

نواز شریف نے فون کرنے پر چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سمیت ان کے تمام اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سالک حسین اور شافع حسین بھی موجود تھے۔ 

خیال رہے کہ 22 نومبر اتوار کے دن نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر انتقال کر گئی تھیں۔ وہ کافی عرصے سے شدید علیل تھیں۔ شریف برادران کی والدہ کی میت کی وطن واپسی کے حوالے سے انتظام کئے جا رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں