لاہور : قومی رابطہ کمیٹی کا اہم ترین اجلاس آج وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہوگا، جس میں ملک بھر میں عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت کئی اہم فیصلوں پر عملدر آمد کے بارے میں غور کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دوسرے کئی اہم معاملات پر غور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں عالمی وبا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ ذمہ دار ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں عالمی وبا کی موجودہ صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کو باقاعدہ بریفنگ دی جائیگی ، جس میں ملک بھرمیں بڑھتے کیسز اور جن علاقوں میں کیسز بڑھنے کی رفتار تیز ہے اس کے بارے میں بریف کیا جائیگا۔
اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلوں کی حتمی منظوری بھی دی جائیگی ۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی اور صحت ، تعلیم کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے بعد تمام سکول بند کردیے گئے تھے ، صرف اساتذہ سکولوں میں آںے کے پابند ہیں ، جبکہ بچوں کو 26 نومبر سے 25 دسمبر تک گھروں میں رہ کر آن لائن پڑھائی کی اجازت دی گئی ہے ۔جبکہ 26 دسمبر سے لیکر 11 جنوری تک بچوں کو ہر سال کی طرح سردی کی چھٹیاں بھی دے دی گئی ہیں ۔ ملک بھر میں اس وقت عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
عالمی وبا کی دوسری لہر سے بچنے کے لیے حکومت ایک بار پھر پہلے کی طرح ہنگامی اقدامات کرنے جارہی ہے ۔