لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور بڑی دہشتگردی کے سانحے سے بچ گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے تھانے میں گھسنے کی کوشش کرنے والے خود کش بمبار کو جہنم واصل کر دیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں گھنسے کی کوشش کرنے والے خود کش بمبار کو ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خود کش بمبار تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے شک گزرنے پر اس سے شناخت پوچھی تو اس نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مارا گیا دہشتگرد سی ٹی ڈی تھانے پر حملہ کرنا چاہتا تھا، تاہم یہ دہشتگرد کون ہے؟ اور اس کا تعلق کس سے ہے؟ اس کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کا سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ دہشتگرد کے نیٹ ورک کا جلد سراغ لگا لیں گے۔
مارے گئے دہشتگرد کے قبضے سے خود کش جیکٹ اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے، خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انڈیا کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی '' را'' کا بڑا نیٹ ورک تباہ کر دیا تھا جو پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ اس کامیاب کارروائی میں دہشتگردوں کے دو کمانڈرز مارے گئے جن کے نام عبدالرحمان عرف فدا اور زبیر بتائے جا رہے ہیں۔