راولپنڈی بورڈ نے سی ڈی اے کے چار ملازمین کی اسناد جعلی قرار دیدیں

09:11 PM, 24 Nov, 2018

اسلام آباد: راولپنڈی بورڈ نے سی ڈی اے کے چار ملازمین کی اسناد کو جعلی قرار دے دیا ہے، میٹرک میں فیل افسر نے سند میں خود کو پاس ظاہر کیا تھا۔  بورڈ سے چوہتر کے ریکارڈکی جانچ پڑتال کی گئی ، اردو کے مضمون میں فیل ہونے والے نے بھی خود کو پاس ظاہر کیا، کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سی ڈی اے کے چار ملازمین کی اسناد جعلی نکلیں۔ 74 اسناد  کی تصدیق کے لئے رابطہ کیا گیا تھا۔راولپنڈی بورڈ نے 35 ملازمین کی میٹرک کی اسناد کو درست قرار دے دیا ہے اور مزید 35 ملازمین کی اسناد کی تصدیق کے لیے اضافی رقم مانگ لی ہے۔

راولپنڈی بورڈ کی جانب سے سی ڈی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 74 اسناد کی تصدیق کی فیس 81 ہزار 400 روپے بنتی ہے لیکن ادارے کی جانب سے 43 ہزار 320 روپے کا بینک ڈرافٹ بھیجا گیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئندہ تصدیق کے لیے سند 2 واضح فوٹو کاپیوں کی صورت میں بھیجی جائیں اور دیگر 35 ملازمین کی اسناد کی تصدیق کے لیے 38 ہزار 80 روپے دیئے جائیں۔

مزیدخبریں