نارنگ منڈی: نیو کالاخطائی لاہور روڈ پر کھنڈا سٹیشن کے قریب تیز رفتار کار ٹرالے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار سوار میاں بیوی موقع پر جاں بحق جبکہ دو حقیقی بھائی بری طرح زخمی ہوگئے۔ جنہیں تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا ۔ کار سوار خاندان ظفر وال کے گاؤں فتو والی سے لاہور جارہے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ بدقسمت کار سوار عابد یسین اپنی بیوی غلام فاطمہ اور اپنے دو حقیقی بھائیوں عمران یسین اور عاشق یسین کے ہمراہ جب تھانہ نارنگ کے علاقہ کھنڈا سٹیشن کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہوگئی اور ٹرالے کے پچھلے حصہ سے جاٹکرائی جس کے باعث موقع پر 55 سالہ عابد یسین اور 50 سالہ غلام فاطمہ موقع پر د م توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری طور پر نارنگ منڈی ہسپتال پہنچایا۔
واضح رہے کہ سڑ ک کی خستہ حالی اور بے ہنگم ٹریفک کے باعث ایک ماہ میں گیارہ قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ شہری حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مذکورہ روڈ کو کشادہ کرنے اور پیٹرولنگ چیک پوسٹوں کے قیام کا مطالبہ کیاہے۔ہلاک ہونے والے خاندان کا تعلق سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال کے آبائی گاؤں سے ہے۔