دبئی ٹیسٹ : قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لیے

06:35 PM, 24 Nov, 2018

دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام تک قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لیے ۔

دبئی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے باز محمد حفیظ اور امام الحق ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 18 کے مجموعے پر محمد حفیظ گرانڈ ہوم کی گیند پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔جب کہ 25 کے مجموعی اسکور پر گرانڈ ہوم نے ہی امام الحق کو بھی 9 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

قومی ٹیم کی دو وکٹیں گرنے کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کی اور دونوں بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔151 رنز کے مجموعی اسکور پر اظہر علی اپنی انفرادی 81 اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں آنے والے بلے باز اسد شفیق بھی 171 رنز کی مجموعی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے انہوں نے 12 رنز بنائے ۔

مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ حارث سہیل 81 اور بابر اعظم 14 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔

کیویز کی جانب سے ڈی گرینڈ ہوم نے 2 ، اعجاز پٹیل نے 1 پاکستانی بلے باز کو پویلین کی جانب چلتا کیا ۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پورے میچ میں حاوی رہنے کے باوجود پاکستان ٹیم کیویز سے میچ 4 رنز سے ہار گئی تھی۔

مزیدخبریں