ریلوے کمیشن کی وجہ سے تباہ ہوا، میرٹ پر نوکریاں دیں گے : شیخ رشید

ریلوے کمیشن کی وجہ سے تباہ ہوا، میرٹ پر نوکریاں دیں گے : شیخ رشید
کیپشن: نواز، زرداری نے بری طرح ملک کو لوٹا: شیخ رشید/// فوٹو فائل

پشاور: شیخ رشید کا کہنا ہے نواز شریف اور زرداری نے بری طرح ملک کو لوٹا، قوم چور اور چوکیدار میں فرق کرے، سیاسی بھرتیوں پر آئے لوگ اب نہیں رہیں گے، گھوسٹ ملازمین فارغ ہونگ اور  ریلوے میں میرٹ پر نوکریاں دی جائیں گے۔


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرٹ پر ریلوے میں بھرتیاں کریں گے. انہوں نے کہا کہ ریلوے کمیشن کی وجہ سے تباہ ہوا، حرام کھانے والوں کی سزا قوم کو ملتی ہے، قوم کو سزا آواز نہ اٹھانے کی وجہ سے ملتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دسمبرکے آخرتک کراچی سے پشاور تک ٹریک نیا کرینگے، پشاورسے ٹیکسلا تک سفاری ٹرین شروع کی جائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک پر لوگوں نے تجاوزات بنا رکھی ہیں، ریلوے کے ہسپتال، سکول پرائیوٹ اداروں کو دینگے، ریلوے کو لوگوں نے مفت کا مال سمجھا ہے، کراچی میں ریلوے زمین پر 5 ہزار مکان بنا لیے گئے ہیں، سفاری ٹرین چلائیں گے اس پر کام شروع کیا جائے گا، 20دسمبر تک تمام کھڑی گاڑیاں ہٹا دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا ریلوے پولیس کو ختم نہیں کیا جائے گا، بجٹ کی حالت خراب ہے، روس، جرمنی اور چین نے سرکلر ٹرین چلانے میں دلچسپی لی ہے، ہماری ترجیح چین ہے، اس منصوبے کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے اس کا فیصلہ کیا تو پورا تعاون کریں گے۔