کراچی :پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو ایک فارمیٹ کی کپتانی خود چھوڑ دینی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ تین فارمیٹس کی کپتانی کرنا آسان کام نہیں ، سرفراز احمد کو ایک فارمیٹ کی کپتانی خود چھوڑ دینی چاہیے کیونکہ ان سے کپتانی تو ہورہی ہے پرفارمنس نہیں ہورہی ۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ کوچ کو ورلڈکپ تک نہیں بدلنا چاہیے ، نو نو گھنٹے بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین ٹیم میں نہیں رہے،اب کھلاڑی چھوٹے فارمیٹ میں30سے 40 رنز بناکر خوش ہوجاتے ہیں جبکہ پاکستان میں چھوٹے فارمیٹ کی مقبولیت کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہورہی ہے۔
ظہیر عباس نے کہا کہ آئی سی سی میں بھارت کے خلاف کیس پر پاکستان کا موقف کمزور تھا ،جب میں آئی سی سی کا صدر تھا تو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا تھا ،میں نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ ایم او یو میں جان نہیں ہے اورپاکستان کیس کرے گا تو اپیل مسترد ہوجائے گی۔