چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے، وزیراعلیٰ سندھ

12:47 PM, 24 Nov, 2018

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے چینی سفیر نے ملاقات کی اور اس موقع پر چینی قونصل جنرل، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ بھی موجود تھے۔

چینی سفیر نے کہا کہ کل جو واقعہ پیش آیا آج آپ سے ملنے آیا ہوں اور آپ کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے فوری ہم سب سے رابطہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چینی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں کیونکہ آپ کی سیکیورٹی بہت اہم ہے اور واقعے کے فوری بعد چینی قونصل خانےکا دورہ کیا اور امن و امان پر اجلاس بھی منعقد کیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قونصل خانوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس دیں گے۔ تمام قونصل خانوں کی سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ چینی ہمارے دوست ہیں اور ترقیاتی کاموں میں پارٹنر ہیں اس لیے ہمارے دشمن بہت بن گئے ہیں۔ چینی قونصل خانے کو بہترین سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو ہم جلد مکمل کرنے جا رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بات کی ہے جبکہ سندھ، بلوچستان بارڈر پر مزید سخت چیکنگ کریں گے۔

مزیدخبریں