کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ایک ’پُل‘ ہے، مودی

12:03 PM, 24 Nov, 2018

نئی دہلی: بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے پاکستان کی کرتارپور سرحد کھولنے کے اقدام کے تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک ’پُل‘ ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کرتارپور کی سرحد کھولنے سے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ لوگوں کے لوگوں سے رابطے میں بہت زیادہ طاقت ہوتی ہے۔

بھارتی وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرتارپور کوریڈور پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پُل کا کام کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر تعلقات میں بہتری اور تنازعات کا حل وقت پر ہی نکلے گا۔

یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران کی تقریب حلف برداری کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے تقریب کے لیے آئے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر اور ریاست پنجاب کے وزیرِ بلدیات نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف نوجوت سنگھ سدھو سے بغل گیر ہوئے تھے اور ان سے کہا تھا کہ وہ گرو نناک صاحب کے یوم پیدائش کے موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور کی سرحد کھولنے سے متلعق بات کریں گے۔

بعدِ ازاں پاکستانی حکومت کی جانب سے بھارتی حکومت کو باقاعدہ طور پر کرتارپور کی سرحد کھولنے سے متعلق پیشکش کی تھی۔ 22 نومبر کو بھارتی حکومت نے پاکستان کی جانب سے کرتارپور کی سرحد کھولنے کی پیشکش کو قبول کرلیا، جبکہ بھارتی کابینہ نے سرحد کھولنے سے متعلق منظوری بھی دے دی۔

مزیدخبریں