خادم رضوی کی گرفتاری،ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھی اہم ٹویٹ سامنے آگیا

11:20 AM, 24 Nov, 2018

راولپنڈی:تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے لوگوں کو براہ راست مخاطب کیے بغیر بہت سی باتیں بیان کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب لاہور کے علاقے ہنجروال سے ان کے حجرے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ خادم رضوی کی گرفتاری کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے قرآن پاک کی ایک آیت ٹویٹ کی جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ ۔

” اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد نہ کرو تو جواب دیتے ہیں کہ ہم تو صرف اصلاح کرنے والے ہیں“۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک اور ٹویٹ کی جس میں انہوں نے ختم نبوتﷺپر ایمان کو اسلام کا لازمی جزو قرار دیا۔ انہوں نے لکھا ” پاکستان ایک مسلمان ریاست ہے۔ کوئی بھی مسلمان پیارے نبی حضرت محمدﷺ کی ختم نبوتﷺ اور عزت و وقار پر سمجھوتہ نہیں کرسکتا“۔

خیال رہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے مطابق خادم حسین رضوی کو 25 نومبر کو احتجاج کی کال واپس نہ لینے کی وجہ سے تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں