مانچسٹر: مانچسٹر میں ڈیمز فنڈز ریزنگ تقریب میں لائیو ٹیلی تھون کے دوران 4 گھنٹے پر مجموعی طور پر 20 لاکھ 98 ہزار پاؤنڈ سے زائد کے عطیات اور اعلانات کئے گئے جو 36 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی انیل مسرت کی جانب سے 10 کروڑ روپے عطیے کا اعلان کیا گیا ۔ٹیلی تھون کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی ڈیم فنڈ کے لئے مزید 2 لاکھ روپے چندہ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے صدقِ دل سے چندہ دیا ہے اور ان کا بے حد مشکور ہوں۔ یہ رقم سپریم کورٹ کے پاس امانت ہے۔
اس سے قبل پاکستانی قونصل جنرل، باکسر عامر خان اور دیگر نمایاں شخصیات نے بھی اظہار خیال کیا اور چیف جسٹس کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا نعیم بخاری کے دلچسپ جملوں اور مقامی گلوکار کے ملی نغمے سے بھی محظوظ ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر میزبان حامد میر اور انیل مسرت نے مل کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس اِن دنوں برطانیہ کے نجی دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف شہروں میں فنڈ ریزنگ تقاریب میں شرکت کر رہے ہیں۔