خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے:فواد چودھری

08:59 AM, 24 Nov, 2018

اسلام آباد :تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ خادم رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ خادم رضوی کو تحویل لینے کی کارروائی کی ضرورت 25نومبرکی احتجاجی کال واپس نہ لینے کی وجہ سے درپیش آئی۔وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے۔


فواد چودھری نے کہا کہ تحریک لبیک مذہب کی آڑ لے کر سیاست کررہی ہے اور مسلسل عوام کی جان و مال کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور املاک کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ کارروائی کا آسیہ بی بی کے مقدمے سے کوئی تعلق نہیں،صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے،عوام پر امن رہیں اور حکام سے مکمل تعاون کریں۔

مزیدخبریں