ڈاکٹر عاصم علاج کیلئے لندن روانہ

09:43 PM, 24 Nov, 2017

اسلام آباد:ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام خارج ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں۔
سپریم کورٹ نے آج ہی عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹر عاصم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین علاج کی عرض سے ایک ماہ کے لیے لندن جا رہے ہیں۔ جسٹس مشیر عالم کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔اس موقع پر جسٹس مشیر عالم نے ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا کیس لے کر دوبارہ آگئے ہیں، اخبار میں پڑھا کہ نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔
جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ای سی ایل سے نام ایسے نکالا جاتا ہے جیسے لگتا ہے کہ حکومت خیرات دے رہی ہو۔جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ آپ بھی اپنے دور میں یہی کچھ کرتے رہے ہوں گے، تبھی آپ کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے۔خیال رہے کہ عدالت نے گزشتہ روز ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں