ممبئی: بالی و وڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی پہلی مرتبہ اداکار ہریتک روشن کیساتھ کرش فلم ’کرش 4‘ میں کاسٹ ہوگئے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن کی فلم ’کرش‘ سیریز کے 4 سیکوئل کے سکرپٹ پر کام جاری ہے اور ساتھی ہی فلم کی تیاریاں بھی ہورہی ہیں۔فلم کے چوتھے سیکوئل میں فلمساز راکیش روشن نے ولن کے کردار کے لیے نواز الدین صدیقی کو پیش کش کی جس پر انہوں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی ہے جس کے بعد دونوں اداکار پہلی بار کسی فلم میں ساتھ نظر آئیں گے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نواز الدین صدیقی جلد ہی فلم سائن کرلیں گے اور فلم کی شوٹنگ بھی اگلے سال شروع کی جائے گی۔
یاد رہے کہ نواز الدین صدیقی کا شمار بھی ان چند فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے تینوں خانز کے ساتھ فلموں میں کام کیا ہے لیکن اب انہیں ایک اور بڑے اداکار کے مدمقابل کاسٹ کیا گیا ہے۔