جسٹس باقر نجفی رپورٹ پبلک کرنے پر عدالت کا ہر فیصلہ قبول ہے : خرم نواز گنڈاپور

08:11 PM, 24 Nov, 2017


لاہور :پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کیے جانے کے بارے میں فیصلہ محفوظ ہونے پر کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کے حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی احترام کریں گے اور حصول انصاف کیلئے تمام آئینی، قانونی حق استعمال کرتے رہیں گے۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث ہے ،اعلیٰ عدلیہ اس کیس کی مانیٹرنگ کرے۔ غریب ورثاء کے مقابل گاڈفادر اور سسلین فیملی ہے ۔شہداء کے ورثاء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے آئین، قانون اور شریعت کے مطابق انصاف بشکل قصاص چاہتے ہیں ۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونے سے صرف قاتل خوفزدہ ہیں، اس موقع پر عوامی تحریک کے وکلاء نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، جواد حامد، محمد ناصر اقبال ایڈووکیٹ و دیگر رہنما موجود تھے۔


خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہباز حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث اور سانحہ کی فریق ہے اس لیے ہماری عدالت سے ہمیشہ یہ استدعا رہی ہے کہ انصاف کی فراہمی کے بنیادی حق کو قاتل اور غاصب حکمرانوں کی صوابدیدپر نہ چھوڑا جائے اور مظلوموں کے ساتھ پورا انصاف ہونا چاہیے۔ ن لیگ سیاسی جماعت نہیں مفاد پرست عناصر کا ایک شیطانی ٹولہ ہے جس کے نزدیک آئین، قانون ،عدلیہ ،انصاف ،اخلاقیات کی کوئی حیثیت نہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وکلاء نے شہباز شریف کااصل منصوبہ عدالت کے فلور پر بے نقاب کر دیا۔

مزیدخبریں