لاہور : چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب، فارمانائیٹس ہاؤسنگ سوسائٹی اور ڈی ا یچ اے سٹی لاہور میں ہونے والے فراڈ کی تحقیقات کررہاہے اور ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی رقوم واپس دلائی جائیں گی۔
وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن(او پی سی)پنجاب شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی سے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب پنجاب اور اوپی سی کے درمیان تعاون کومزید فروغ دینے کیلئے نیب لاہور آفس میں جلد ہی فوکل پرسن کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر شا ہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے چیئرمین نیب کو او پی سی کے طریقہ کارسے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازا لے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جارہاہے۔انہوں نے بتایا کہ اوپی سی کی کاوشو ں سے ایڈن ہاؤسنگ سکیم میں 90 گھروں کا قبضہ ان کے مالک اوورسیز پاکستانیوں کو دلایاجاچکاہے جنہوں نے دس سال قبل اس سکیم میں گھر بک کرائے تھے۔
چیئر مین نیب نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے او پی سی کا قیام ایک خوش آئند بات ہے اور سمند ر پار مقیم بھائیوں کے مسائل کے حل کیلئے ان کا ادارہ او پی سی پنجاب سے بھر پور تعاون کرے گا۔اجلاس کے دوران نیب پنجاب کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت مرکز کے قیام کی تجویزاور او پی سی کی طرف سے نیب پنجاب کوبجھوائے جانے والے کیسوں پر پیش رفت کے متعلق بھی غورو خوض کیا گیا۔او پی سی کے وفد میں ڈائریکٹرجنرل جاوید اقبال بخاری اور ڈائریکٹرلیگل راجہ زبیر شامل تھے جبکہ نیب کی طرف سے ڈپٹی چیئرمین امتیاز تاجور ،ڈی جی آپر یشنر ظاہرشاہ،ڈائریکٹرمانیٹرنگ غلام فاروق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر فہیم قریشی اجلاس میں شریک ہوئے۔