ننکانہ صاحب : متروکہ وقف املاک بوڑد کی طرف سے وکلا ء کالونی کی مختص اراضی پر با با گورو نانک انٹر نیشنل یونیورسٹی تعمیر کرنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے وکلاء نے مکمل ہڑتال کی ،وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی جو شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ویلکم گیٹ مانانوالہ روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، وکلاء نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈصدیق الفاروق کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، وکلا ء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈصدیق الفاروق کے خلاف تحریریں درج تھیں ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار خادم حسین سدھو وکلاء نے کالونی کی مجوزہ اراضی پرٹریکٹر چلایااس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بار خادم حسن سدھو نے کہاکہ ہم وکلاء کالونی کی مجوزہ اراضی پر کسی قیمت پر یونیورسٹی نہیں بنانے دیں گے انہوں نے صدیق الفاروق کے ننکانہ صاحب میں داخلے پر پابندی کا اعلان بھی کیا دریں اثناء ریلوے روڈ کے دوکان داروں نے بھی ریلوے روڈ کی توسیع کے خلاف موگا منڈی سے مانانوالہ روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے مزارعین نے بھی مانانوالہ روڈ بلاک کر کے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈصدیق الفاروق کے خلاف دھرنا دیا اور بھر پور احتجاج کیا اس موقع پر صدر انجمن مزارعین رانا ایوب ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم چیئرمین صدیق الفاروق کو اپنی زیر قبضہ اراضی پر یونیورسٹی نہیں بنانے دیں گے اور اگر وہ ننکانہ صاحب آیا تو اسے طاقت کے ذریعے روکیں گے انہوں نے وزہر اعظم میاںنواز شریف سے مطالبہ کیا کہ صدیق الفاروق سے فوری استعفیٰ لیا جائے۔