اسلام آباد:صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر سے ملاقات کی ، کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور نہتے شہریوں کی ہلاکتوں اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا گیا ۔
دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ انتہا پسند مودی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے ۔ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو پاکستان اور بھارت کے درمیان مکمل جنگ شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران سی پیک کے عظیم منصوبے کو سپو تاژ کرنے کے لیے گھناونے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ۔ لیکن پاکستان اور چین کے عوام اس عظیم منصوبے کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین خطے کی صورتحال سے غافل نہیں ہے ۔ اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مسافر بس اور ایمبولینس کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے خبردار کیا کہ جنگ کی صورت میں آزاد کشمیر کے عوام دشمن کے مقابلے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے ۔ بھارت ایسی بیوقوفی نہ کرے ۔ جو اس کی خود کشی کے مترادف ہو گی ۔
صدر اور وزیراعظم انے انتظامیہ کو کنٹرول لائن کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کنٹرول لائن کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا ۔ اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا ۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ دشمن ہماری طاقت کا غلط اندازہ لگا رہا ہے ۔