القادرٹرسٹ کرپشن کیس کاماسٹرمائنڈ فیض حمید ، پرانےعمران خان اور پرانی پی ٹی آئی کے ساتھ آج بھی کھڑا ہوں: فیصل واوڈا

04:15 PM, 24 May, 2023

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا  نے الزام عائد کیا ہے کہ القادرٹرسٹ کیس میں کرپشن کاماسٹرمائنڈسابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید ہے، اس کیس میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والا بھی فیض حمید ہی ہےلیکن ابھی تک فیض حمید کا نام کسی نے نہیں لیا، فیض حمید کی باقیات سینٹ میں دائیں بائیں موجود ہیں، فیض حمید ہی وہ انسان ہیں جنہوں نے شہزاد اکبر اور دیگر ملزمان کو ملک سے فرار کروایا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈ نےکہا کہ متعلقہ اداروں سے امید کرتا ہوں   190ملین پاؤنڈ کیس میں کرپشن ڈھونڈنا کوئی راکٹ سائنس نہیں، وقت آنے پر تحریک انصاف کے گھناؤنے جرائم کا پردہ چاک کرونگا، یہ تو چھوٹا سا کیس ہےابھی تو بڑے بڑے جرائم سامنے آئیں گے۔

سابق  پی ٹی آئی رہنماکا مزید کہنا تھا کہ جب یہ معاملہ چل رہا تھا اس وقت میں وفاقی وزیر تھا، کابینہ میں ہمیں بند لفافہ دیا گیا تھا جو تب کابینہ میں ایجنڈے کا حصہ بھی نہیں تھا، میں پہلا وزیر تھا جس نے اس وقت بھی کہا تھا اس پر نیب کیس بنے گا اس وقت فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے بات کرنے کی کوشش کی مگر انہیں بھی روک دیا گیا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ نیب کی طرف سے مجھ سے کافی تفصیل میں سوال وجواب ہوئے ہیں، میں اس کیس میں اہم کاروباری شیخصیت کو مورد الزام نہیں ٹھہراتا ہوں، کاروباری شخص کے 100 روپے پھنسے ہوں تو وہ 10 روپے دے کر اپنے 100 روپے چھڑوا لیتا ہے۔ ایسے گھناونے کاموں میں ڈیموکریٹک لوگ شامل ہوتے ہیں،  کچھ مزید لوگ گھناونے جرائم میں شامل ہیں۔

ایک سوال پر فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ صدر عارف علوی نے جو کام کیا ہے وہ دشمن بھی نہیں کرسکتا ہے، اس ساری غلط فہمی میں سب سے بڑا کردار صدرعارف علوی کا ہے۔

فیصل واوڈا نےعمران خان کو چھوڑ کے جانے والوں کے متعلق کہا کہ میں پی ٹی آئی سے مشکل وقت میں نہیں نکلا ہوں، جس وقت میں پارٹی سے نکلاعمران خان اس وقت عروج پر تھے، میں نےعمران خان کو کہا تھا کہ کچھ لوگ آپ کو چھوڑ کے جائیں گے،اور کچھ زہریلے سانپ پی ٹی آئی میں آنا چاہ رہے ہیں۔

واوڈا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرانےعمران خان اور پرانی پی ٹی آئی کے ساتھ آج بھی کھڑا ہوں، میں عمران خان کی پارٹی کا حصہ تھا، عمران خان سے پیار کرتا تھا، ابھی بھی میں پی ٹٰی آئی کے دیگر گھناؤنے جرائم کی نشاند دہی نہیں کر رہا ہوں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ہی کہا تھا تحریک انصاف پر پابندی لگے گی، پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہیے لیکن پی ٹی آئی نےصرف پابندی لگنے سے زیادہ کام کئے ہیں، جو کام کئے ہیں وہ پابندی لگنے کے لئے کافی ہیں، اللہ کی مرضی کے بغیر عمران خان کے ساتھ کچھ نہیں ہوسکتا لیکن اگر وقت آگیا ہے تو کوئی بچا نہیں سکتا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ میں حق کی سیاست کرتا تھا اور آج بھی کرتا ہوں، میں کسی کے کہنے پر کچھ نہیں کہتا ہوں۔ ہم پاکستان کے بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں