دنیا بھر میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریبات کا انعقاد

01:50 PM, 24 May, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ملک بھر کی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی 9 مئی کے واقعات پر شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ دنیا کے کونے کونے بشمول یورپ، امریکہ مشرق وسطی اور آسٹریلیا میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مختلف تقریبات، ریلیوں اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔

 شرکاء کی جانب سے 9مئی کو ہونے والی شرانگیزی کی شدید مزمت کی گئی اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

تاجکستان(دوشنبے)، آسٹریا (ویانا)،  آزربائیجان،  جنوبی افریقہ(پریٹوریا)،  امریکہ(نیویارک )،جرمنی(فرینکفرٹ، برلن)، ترکیہ، روس، ناروے(آسلو)، بیلجیم(برسلز) ، نیدرلینڈز  اور برطانیہ(لندن) میں تقریبات منعقد ہوئیں۔

آسٹریا کے شہر ویانا میں پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کی جانب سے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

تاجکستان کے دارلحکومت دوشنبے میں پاکستان ایمبیسی کے سامنے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان جمع ہوئے۔ 

برطانیہ میں اوورسیز پاکستانی ویلفئر کونسل کی جانب سے پاک فوج کے حق میں کار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کار ریلی کے شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے گئے، کار ریلی کا انتظام اوور سیز پاکستانی ویلفئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم عباسی نے کیا۔

آزربائیجان کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی جبکہ جنوبی افریقہ میں بھی استحکام پاکستان سے متعلق تقریبات عروج پر رہیں۔ 

جرمنی میں بھی عوام پاک فوج سے یکجہتی میں پیش پیش، اس موقع پر فرینکفرٹ میں صدر پاکستان ای یو فرینڈشپ عنصر بٹ کی جانب سے مختلف میٹنگز کا انعقاد کیا گیاجن میں پاک فوج پر ہوئے حالیہ ناگوار حملوں کی شدید مذمت کی گئی، جرمنی کے شہر برلن میں تقریبات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کمپین کا بھی انعقاد 

اسی طرح برادر ملک ترکیہ میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے سیمینار کا انعقاد ہوا، ترکیہ میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار میں پاکستان میں ہونے والے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور طلباء نے کہا کہ پاکستان کی افواج پاکستان کے دشمنوں کے خلاف دیوار ہیں۔  

برطانوی شہر لندن میں مذہبی رہنمائوں کی طرف سے استحکام پاکستان کا پیغام دیا گیا، قاضی عبدالعزیز چشتی، مرکزی سیکرٹری جماعت اہلسنت نے کمیونٹی ممبران تک استحکام پاکستان کا پیغام پہنچایا جسے بعدازاں اخبارات میں بھی شائع کیا گیا۔ 

برطانوی مسلمان رہنما کی جانب سے کہا گیا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف ایک ڈھال ہے اور فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

نیدرلینڈ میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا پر جوش جذبہ دیکھنے کو ملا، شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

روس میں استحکام پاکستان کے سلسلے میں پاک فوج سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا، پاک افواج پر ہونے والےحملوں کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ روس میں شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج کو نقصان پہنچانے یا سازش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ 

آسلو اور برسلز میں بھی پاک فوج سے یکجہتی کی تقریبات کا انعقاد ہوا، اس طرح استحکام پاکستان کا پیغام پوری دنیا میں اجاگر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں