اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں دس نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں رواں سال یوریا کھاد کی ملکی ضرورت کے حوالے سے جا ئزہ لیا جا ئیگا، پاسکو کے پاس موجود گندم کی فروخت کے لئے قیمت کا تعین کیا جائے گا۔ اُچ پاورلمیٹڈ کو رقم کی ادائیگیوں کیلئےپیمنٹ میکنزم کی منظوری بھی دی جائے گی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمیونائزیشن کے لیے 10 ارب 76کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری کا امکان ہے جبکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔
ایجنڈے کے مطابق وفاقی و صوباٸی اکاونٹنٹ جنرلز آن لاٸن بلنگ سلوشنز پر عملدرآمد کیلیے 26کروڑ روپے کی منظوری کا معاملہ بھی اجلاس میں زیرغورہو گا، اس رقم کو صدر سیکرٹریٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنز کے لئے خرچ کیا جائے گا۔
وزارتِ عمل و اقامت کاری (وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس) کے لیے پچاس کروڑ روپے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں انٹیلیجینس بیورو کےلیے80 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹس کی فراہمی کا معاملہ بھی زیرغور آٸے گا جبکہ انفارمیش سروسز براڈ کاسٹ کے لیے اضافی فنڈز کی سمری کی منظوری کا بھی امکان ہے۔