حقیقی آزادی مارچ، صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

01:18 PM, 24 May, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے حقیقی آزادی مارچ کے پیش نظرصوبے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں بند کر دی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حقیقی آزادی مارچ کے پیش نظر پنجاب کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کو سرگرم رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی آئندہ 3 روز تک چھٹیاں بند کرتے ہوئے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات اور سامان کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 
ذرائع محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹرز کو گھروں سے بھی بلایا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ25 تاریخ کو اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سری نگر ہائی وے پر ملوں گا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دو اور اسمبلی تحلیل کرو، ہم ملک میں صاف و شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ 

مزیدخبریں