اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن پر ردِعمل دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج تمام شہریوں کا حق ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ’اسلام آباد اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ورکرز اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاون سے مسلم لیگ ن کی وہ اصلیت واضح ہو گئی جس سے ہم واقف ہیں۔‘
Peaceful protest is the right of all our citizens. The brutal crackdown on PTI ldrs & workers in Punjab & Islamabad has once again shown us what we are familiar with - the fascist nature of PMLN when in power. The present crackdown also raises serious questions abt the Handlers.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 23, 2022
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ کریک ڈاون ہینڈلرز سے متعلق بھی سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔‘
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے آغاز سے ایک دن قبل پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔
پولیس نے رات گئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر ، عثمان ڈار ، فردوس عاشق اعوان ، میاں اسلم اقبال اور بابر اعوان سمیت کئی دیگر رہنماؤں کے گھر وں پر چھاپے مارے تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں کی گھر پر عدم موجودگی کے باعث پولیس واپس لوٹ گئی۔
پولیس شیخ رشید کی گرفتاری کیلئے لال حویلی بھی پہنچی تاہم سابق وزیرداخلہ وہاں موجود نہ تھے اور پولیس کو خالی ہاتھ واپس جانا پڑا۔