لاہور: پنجاب حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلئے کورونا ویکسی نیشن کارڈز کے اجراءکا فیصلہ کر لیا ہے جو بہت جلد کوویڈ 19 کی ویکسین لگواتے وقت شہریوں کو دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور اب تک کئی لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ 30 اور اس سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔
کورونا ویکسین دو مرحلوں میں لگائی جاتی ہے اور ہر شہری پہلی ڈوز کے چند روز بعد دوسری ڈوز لگواتا ہے مگر پنجاب میں ویکسی نیشن کے عمل کے دوران پہلی اور دوسری ڈوز لگاتے وقت دو مختلف ویکسینز کے استعمال کا معاملہ بھی سامنے آیا جس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے ویکسی نیشن کارڈز کے اجراءکا فیصلہ کیا ہے۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سیکرٹری نے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر کارڈ کے اجراءکا اعلان کیا اور بتایا کہ اس سے شہریوں کے پاس اپنی ویکسی نیشن کاریکارڈ موجود رہے گا جس پر پہلی ڈوز کی تاریخ کیساتھ دوسری ڈوز کیلئے مقررہ تاریخ کا اندراج بھی ہو گا۔
پنجاب حکومت کا کورونا ویکسی نیشن کے کارڈز کے اجراءکا فیصلہ
11:36 PM, 24 May, 2021