بھارت میں کورونا کی پابندیوں سے بچنے کے لئے جوڑے نے دوران پرواز شادی کرلی

08:56 PM, 24 May, 2021

بنگلور، بھارت میں کورونا پابندیوں سے بچنے کے لیے دلہا نے نجی ایئر لائن کے چارٹر طیارے میں دورانِ پرواز شادی کرلی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھورائی سے بنگلور جانے والی نجی ایئرلائن کے چارٹر طیارے میں پرواز کے دوران ہی جوڑے نے شادی کرلی۔ اس موقع پر طیارے میں دلہا دلہن کے اہل خانہ اور فوٹوگرافرز بھی موجود تھے اور شادی کی تمام مقامی رسومات بھی ادا کی گئیں۔

شادی کی تصاویر وائرل ہوئیں تو صارفین نے خوب کھل کر تعریف کیں لیکن ان تصاویر سے دلہا دلہن ایک مصیبت میں پھنس گئے۔ جن کورونا احتیاطوں سے بچنے کے لیے دوران پرواز شادی کی انہی کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے جوڑے کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

 دوسری جانب ایوی ایشن ریگولیٹر نے بھی دورانِ پرواز شادی کی تقریب پر انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جب کہ طیارے کے عملے کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جو کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی دوسری بڑی تعداد ہے۔

مزیدخبریں