اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اوراجلاس کی صدارت بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیرخزانہ، مشیر قومی سلامتی بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کوملک کی اندرونی اوربیرونی سیکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔
آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزمیں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس بھی ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، اعلی عسکری حکام اوروزارت خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کردارپرتفصیلی بات چیت ہوئی۔ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اورملکی سلامتی سے متعلق امورپربھی تفصیلی غورکیا گیا۔
اس سے قبل احساس سیونگ والٹس کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت پسماندہ طبقے کی خواتین سود سے پاک قرضوں کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں گی، کورونا کے دوران احساس پروگرام کو چوتھا کامیاب پروگرام سمجھا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے ذریعے شفافیت، میرٹ پر مستحقین کو رقم فراہم کی اور کورونا کی وجہ سے غریب ممالک زیادہ متاثر ہوئے، ہماری 25 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے جبکہ لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ زیادہ متاثر ہوا۔