مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہےکہ کرتارپور راہداری منصوبہ قواعد وضوابط کے خلاف بنایا گیا، قومی احتساب بیورو (نیب) میں جرات ہے کہ وزیراعظم اور وزیر منصوبہ بندی کےخلاف ریفرنس بنائے؟
اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے کابینہ سے 17ارب روپے کا این آر او حاصل کر لیا ہے، منصوبے کا ٹینڈر ہوتا تو پانچ ارب روپے کی بچت ہوسکتی تھی،ن لیگ اپنے دور میں لیےگئے قرضوں کی پائی پائی کا حساب ہر فورم پر دینے کو تیار ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت چلی نہیں اور ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، موجودہ حکومت نے تمام قرضے خسارہ پورے کرنے کے لیے حاصل کیے جو عمران نیازی کی نااہلی اور ناکامی کی نذر ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سالوں میں آپ نے مافیاز کو پالا، حکومت ان سے کیسے لڑ سکتی ہے؟ ضمنی انتخابات میں ہار کے بعد عمران خان کو شکست نظر آ رہی ہے، حکومتی مشیر کہہ رہے ہیں کہ معیشت ٹیک آف کر گئی، اگر مہنگائی کا ٹیک آف کرنا معیشت کا ٹیک آف کرنا ہے تو آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں۔