انڈیا کے مشہور ریسلر سشیل کمار پر قتل کا الزام، پولیس نے گرفتار کرلیا

10:14 AM, 24 May, 2021

نئی دہلی: انڈین پولیس نے قتل کے الزام میں عالمی شہرت یافتہ ریسلر سشیل کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ پولیس کو اپنے جونئیر ساتھی کے قتل کے الزام میں کافی عرصے سے مطلوب تھے۔

 
خیال رہے کہ سشیل کمار کا شمار بھارت کے ممتاز کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، انہوں نے اولمپکس میں اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکے ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق سشیل کمار پر جس ساتھی کھلاڑی ساگر دھنکھر کو قتل کرنے کا الزام ہے وہ خود بھی نیشنل چیمپئن تھے۔ ساگر دھنکھر دہلی پولیس سے وابستہ تھے۔ یہ واقعہ 4 مئی کو پیش آیا تھا جب سشیل کمار نے ایک ریسلنگ کے دوران ساگر دھنکھر کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔

 
اس واقعے کے بعد انڈین ریسلر سشیل کمار کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد سے وہ فرار ہو گئے تھے تاہم پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر بالاخر انھیں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے سشیل کمار کی اطلاع دینے والے کو بھاری انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ خبریں ہیں کہ کسی قریبی ساتھی نے انعام کے لالچ میں سشیل کمار کی مخبری کی تھی۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ سشیل کمار نے 2012ء میں برطانیہ میں منعقدہ اولمپکس مقابلوں میں کشتی کے مقابلوں میں سلور میڈیل جبکہ بیجنگ اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں بھی اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل اور ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔

 
واضح رہے کہ انڈیا میں کسی پہلوان کے ہاتھوں کسی ساتھی کھلاڑی کے قتل کا یہ پہلا کیس نہیں ہے۔ اس سے قبل کوچ سکھویندر مور کو بھی 5 لوگوں کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں