ملک بھر میں آج سے سیاحتی مقامات کھل جائیں گے

ملک بھر میں آج سے سیاحتی مقامات کھل جائیں گے

لاہور: ملک بھر میں آج سے سیاحتی مقامات کھل جائیں گے ، سیر سپاٹے پر جانے والوں کیلئے صحت مند ہونا لازمی قرار ، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں آنے والوں کو کورونا کی منفی رپورٹ دکھانا ہوگی ۔

واضح رہے کہ حکومت نے کورونا کی تیسری لہر کے بعد ملک بھر میں سیاحتی مقامات کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ، جس کی وجہ سے مشہور ترین سیاحتی مقامات، مری ، سوات ، کالام ، مالم جبہ ، سکردو، خنجراب اور گلگت کے سیاحتی مقامات کو بند کردیا گیا تھا۔

اس بند ش سے مقامی آبادی کو خاصا معاشی نقصان بھی پہنچا تھا ، کیونکہ عید کے دنوں میں بھی یہ تمام مقامات بند رہے تھے ، تاہم حکومت کے بروقت اقدامات سےوائرس کے پھیلائو کو روکنے میں کامیابی ملی ہے ،جس کی وجہ سے محکمہ صحت اس اقدام کو درست قرار دے رہی ہے ۔

دوسری جانب پنجاب کے 16 اضلاع میں آج سے اسکولز کھل گئے ، تمام اسکولز ہفتے میں 4 روز کے لئے کھلیں گے ، ایک طالبعلم 2 روز کے لئے سکول جائے گا ۔

جن اضلاع میں سکول کھلیں گے ان میں بہاولنگر ، چکوال ، چنیوٹ ، حافظ آباد ، جھنگ ، جہلم ، قصور ، منڈی بہاوالدین ، ننکانہ صاحب ، نارووال ، پاکپتن ، راجن پور ، ساہیوال ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ ، وہاڑی کے اضلاع شامل ہیں ۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔

دوسری جانب کورونا کی وجہ سے ملک کے باقی علاقوں میں تعلیمی اداروں کو کھولنے یا بند کرنے کے حوالے سے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس آج ہوگا ، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے ۔ اجلاس میں چاروں صوبوں ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم بھی شرکت کریں گے ۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے یا بند کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا ۔ امتحانات کے بارے میں فیصلہ بھی آج کے اجلاس میں متوقع ، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا فیصلہ زیر غور آئے گا ۔ اساتذہ اور اسٹاف کی ویکسی نیشن کے امور پر بھی غور کیا جائے گا ۔