نئی دلی : حالیہ لوک سبھا الیکشن میں کامیابی کے بعد سابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ سمیت اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ مودی کے 30 مئی کو دوبارہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔
بھارت کے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے۔ انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام صدر مملکت رام ناتھ کووند سے اپنی کابینہ کے ہمراہ ملاقات کی اور اپنے عہدے کا استعفیٰ پیش کیا۔
وزیر اعظم کے ساتھ تمام کابینہ ارکان نے بھی صدر کو اپنے استعفے پیش کیے جو قبول کرلیے گئے تاہم صدر نے نریندر مودی سے اپنے عہدے پر کام کرنے کی درخواست کی جو انہوں نے منظور کرلی۔
خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2019 میں بی جے پی بھاری اکثریت سے کامیابی ہوئی ہے۔اس نے لوک سبھا کی 543 میں سے 303 نشستیں جیتیں ہیں جبکہ بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے مجموعی طور پر 353 سیٹوں پر کامیابی اپنے نام کی ہے۔