لاہور:برجستہ جملوں اور منفرد اداکاری سے شائقین کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کر دینے والے ورسٹائل فنکار رنگیلا کو مداحوں سےبچھڑ ے14 برس بیت گئے ہیں۔ فلموں کے ہورڈنگ بورڈز پینٹ کرنے سے بڑی سکرین کے بادشاہ بننے والے اس عظیم فنکار کی زندگی رنگا رنگی کا مجموعہ ہے۔محمد سعید خان عرف رنگیلا نے انیس سو سینتیس میں افغانستان میں جنم لیا اور اوائل عمری ہی میں والدین کے ساتھ پاکستان آگئے تھے۔رنگیلا نے اپنی عملی زندگی کا آغاز بطور باڈی بلڈر کیا اور معاشی گزارے کے لیے فلموں کےبورڈز بھی پینٹ کئے۔اس منفرد مزاحیہ اداکار نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1958 میں بننے والی فلم ’جٹی سے کیا۔ فلم الفت میں بے مثال اداکاری کی اوراس فلم میں انکے تکیہ کلام ” اتفاق سے ” نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔مزاحیہ،دکھی یا رومانوی جو بھی کردارملا رنگیلا نے ہرروپ میں خود کو بخوبی اسی کردار میں ڈھالا۔ بطور ہدایت کار،فلم سازاور گلوکار بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کالوہامنوایا۔رنگیلا نے اپنے دور کی تمام معروف ہیروئینوں کے ساتھ کام کیا۔ چاہنے والوں نےمزاح کو نئی جہت دینےپرمحمد سعید خان کو رنگیلا کا لقب دیا۔ہرانداز نرالا اور ہر اندازجداگانہ محمد سعید خان عرف رنگیلا کے اس وصف سے انکے مداح بخوبی آگاہ ہیں۔چارسوسے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے والے اس فنکار کو پرائیڈ آف پرفارمنس ،نو بار نگار ایوارڈ اوردوسرے متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔رنگیلا نے فلم انڈسٹری پر انمٹ نقوش چھوڑے،ان کا ذکر کئے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہےگی۔