نیویارک :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ سنگاپور میں ہونے والی جوہری سربراہی کانفرنس کو معطل کر رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے خط میں تاریخی اجلاس کے معطل ہونے کی وجہ شمالی کوریا کا ’غصہ‘ اور ’دشمنیت‘ کو ٹھہرایا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار بنانے کے عزائم ترک کرنے کے حوالے سے اجلاس 12 جون کو ہونا تھا تاہم دونوں ممالک کی جانب سے تلخ کلامی اور دھمکیوں کے تبادلے کے بعد اس اجلاس کے انعقاد پر خدشات بڑھنے لگے تھے۔
شمالی کوریا نے گزشتہ روز امریکی نائب صدر مائیک پینس کو ’جاہل اور بے وقوف‘ کہا تھا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ خط سامنے آیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ڈونلڈ ٹرمپ کے کم جونگ ان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ’افسوس کے ساتھ، آپ کے حالیہ بیانوں میں انتہائی غصہ اور دشمنیت کے باعث، مجھے یہ غیر مناسب لگتا ہے کہ ایسے موقع پر ہم طویل عرصے سے منصوبہ بندی کیے جانے والی ملاقات کا انعقاد کریں۔
ڈانلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تاہم اس خط سے بتایا جاتا ہے کہ دونوں اطراف کی بہتری کے لیے سنگاپور سمٹ کا انعقاد نہیں ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی جوہری ہتھیار کی تشہیر کرتے ہوئے کہا کہ آپ جوہری صلاحیتوں کی بات کرتے ہیں لیکن ہماری جوہری صلاحیت اتنی زیادہ اور طاقتور ہے کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ اس کا کبھی استعمال نہ کرنا پڑے۔
امریکی صدر کے خط میں مستقبل میں اجلاس کے حوالے سے جگہ دی گئی اور کہا گیا کہ ہم آپ کے وقت، صبر اور مذاکرات و بحث کے لیے آپ کی جانب سے کی گئی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔