کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سبیکہ شیخ کے لواحقین سے تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ گئے،جہاں انہوں نے سبیکہ کے والدین اور بہن بھائیوں سے ملاقات میں تعزیت کا اظہار کیا اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
بعدا زاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پورے ملک میں جو دہشت گردی ہے اس کا جواب سبیکہ نے دیا ہے، دہشت گردی کبھی بھی کہیں بھی ہوسکتی ہے، دہشت گردی صرف پاکستان میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سبیکہ شیخ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سبیکہ کے والدین کی خواہش تھی کہ ان کی بیٹی کی میت جلد پاکستان پہنچے جس میں حکومت نے کردار ادا کیا ہے، سبیکہ کے معاملے اور تحقیقات پر امریکہ سے بات چیت کی جائے گی۔
خیال رہے امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ہائی سکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو گزشتہ روزشاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔