ایچ ٹی سی کا 4 کیمروں والا پہلا اسمارٹ فون

12:58 AM, 24 May, 2018

وہ دیکھنے میں بٹن جیسے ہیں، محسوس کرنے میں بٹن جیسے ہیں، مگر درحقیقت وہ بٹن ہی نہیں، جی ہاں ایچ ٹی سی کے نئے فلیگ شپ فون یو 12 پلس میں کوئی بٹن نہیں۔

اس فون میں سلیپ/ویک اور والیوم بٹن کو ختم کردیا گیا ہے اور ان کا کام سکیویز سے لیا جائے گا۔ایپل نے ایسا ہی کچھ آئی فون سیون اور سیون پلس میں ہوم بٹن ختم کرکے ٹچ سینسٹیو ایریا کے ذریعے صارفین کو حقیقی بٹن جیسا احساس دلایا تھا۔

مگر ایچ ٹی سی نے ایک قدم آگے بڑھ کر تمام بٹنوں کو ڈیجیٹل ٹچ سے بدل دیا۔بٹنوں سے نجات پاکر اس کمپنی نے فون کے گرنے پر ٹوٹنے کا خطرہ کم کیا جبکہ اسے آئی پی 68 ڈسٹ اور واٹر ریزیزٹنٹ بھی بنادیا۔

جب فون پاور آف ہوتا تو بھی سلیپ/ ویک بٹن کام کررہے ہوتے ہیں، بظاہر یہ پریشر سینسٹیو بٹوں کو بہت کم پاور کی ضرورت ہے جو ڈیڈ بیٹری میں بھی کام کرتے ہیں۔

یہ اس فون کا سب سے بڑا فیچر ہے تاہم تائیوان کی کمپنی نے یو 12 پلس میں نوچ نہ دے کر بھی اینڈرائیڈ فونز کے اس نئے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ہے۔اس فون میں ایچ ٹی سی نے پہلی بار 4 کیمرے دیئے ہیں، 2 فرنٹ اور 2 بیک پر۔

دونوں میں دھندلا پس منظر کرنے کا فیچر موجود ہے جبکہ فوکس پوائنٹ کو تصویر لینے سے پہلے اور بعد میں بھی ایڈجسٹ کرکے دھندلے پن کے حجم کو بدلا جاسکتا ہے۔

اس میں 2x آپٹیکل زوم بھی دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق تصویریں زیادہ شارپ لینے میں مدد ملے گی۔اس کے بیک پر 12 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرہ اور 16 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرہ دیا گیا ہے، جس میں ڈوئل ایل ای ڈی فلیش، اے آر اسٹیکرز اور آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن قابل ذکر ہیں۔

یہ کیمرے 4کے ویڈیو سپورٹ کے ساتھ ہیں۔فرنٹ پر دونوں کیمرے 8 ، آٹھ میگا پکسل کے ہیں جو سلوموشن ویڈیوز لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہ 6 انچ کے سپر ایل سی ڈی بیزل لیس ڈسپلے کے ساتھ ہے جبکہ ڈیوائس میں لیکوئیڈ سرفیس ڈیزائن دیا اور نیا تھری ڈی گلاس کور دیا گیا ہے۔

اسی طرح اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، سکس جی بی ریم، 64 سے 128 جی بی اسٹوریج جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے بڑھایا جاسکتا ہے، 3500 ایم اے ایچ بیٹری ، فاسٹ چارجنگ سپورٹ (35 منٹ میں 50 فیصد چارجنگ)، ہائی ریزولوشن آڈیو اور وائرلیس آڈیو وغیرہ قابل ذکر فیچرز ہیں۔

یہ فون آئندہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت 799 سے 845 ڈالرز کے درمیان ہوگی۔

مزیدخبریں