بھائیوں نے جائیداد کیلئے 2 سگے بھائیوں کو قتل کر دیا

06:22 PM, 24 May, 2017

ندیم حسن کلیر

اوکاڑہ: اوکاڑہ کے قصبہ املی موتی میں زمین کے تنازعہ پر سگے بھائیوں نے اپنے 2 بھائیوں کو قتل کر کے لاشیں زرعی رقبہ میں دفن کردیں اور بھائیوں کے اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے چھاپہ مار کر رقبہ میں دفن شدہ لاشیں برآمد کر لیں، ملزمان فرار ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے علاقہ املی موتی کے رہائشی موسیٰ، عیسیٰ، اسرار، انتظار وغیرہ کا اپنے بھائیوں مرتضیٰ اور یوسف کے مابین زرعی زمین کی تقسیم کا تنازعہ چلا آرہا تھا اس سلسلہ میں متعدد بار پنجائیت بھی ہوئی مگر کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ موسیٰ ، عیسیٰ، اسرار وغیرہ نے دونوں بھائیوں مرتضیٰ اور یوسف کو 4 روز قبل قتل کر کے لاشیں رات کی تاریکی میں زرعی رقبہ میں دفن کردیں . صبح دن کے اجالے میں تھانہ صدر دیپالپور میں دونوں بھائیوں کے اغواء کیے جانے کی درخواست دیدی. تھانہ صدر دیپالپور کے ایس ایچ او انسپکٹر ملک طارق جاوید اعوان نے اس سلسلہ میں ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی سے واقعہ کے متعلق بات چیت کی ۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے انسپکٹر طارق جاوید اعوان کی سربراہی میں سپیشل ٹیم تشکیل دی اور کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے اغواء کیے گئے دونوں بھائیوں کو برآمد کیا جائے پولیس نے دن رات کی کوشش کے بعد بالآخر کامیابی اسوقت حاصل کر لی جب انہیں اطلاع ملی کہ دونوں بھائیوں کو قتل کر کے زرعی رقبہ میں دفن کیا گیا ہے، پولیس نے کامیاب چھاپہ مارتے ہوئے زرعی رقبہ سے مرتضیٰ اور یوسف کی دفن شدہ لاشیں برآمد کر لیں پولیس کو دیکھ کر مقتولین کے ملزمان بھائی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے دونوں لاشیں قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ  کریں
 

مزیدخبریں