ترکی میں سفارتکاری کی ذمہ داریاں سونپنے کی خبر حقیقت پر مبنی نہیں، ڈاکٹر شاہد صدیقی

04:36 PM, 24 May, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ ترکی میں مجھے سفارتکاری کی ذمہ داریاں سونپنے کی خبر حقیقت پر مبنی نہیں،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میںتحقیق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، پیشہ ور صحافیوں میں تحقیق کے فروغ کے لیے ایم فل کا پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ  یونیورسٹی میں رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی پروگرامات ترتیب دیئے گئے ہیں جس میں اس ماہ مبارک کی خوبیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس وقت یونیورسٹی 11 ریسرچ جرنلز شائع کر رہی ہے جبکہ رواں سال قومی و بین الاقوامی 20 کانفرنسوں کی میزبانی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی طرف سے فیکلٹی ممبران کو تحقیق کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یونیورسٹی میں باقاعدگی کے ساتھ سلیکشن بورڈ ہو رہا ہے ملازمین کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے ان کی تربیت کے خصوصی پروگرام جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال یونیورسٹی نے 18 نئے پروگرام شروع کئے ہیں جن میں خاص طور پر پیشہ ور صحافیوں کے لئے ایم فل کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ورکنگ جرنلسٹس کو تحقیق کے شعبے میں آگے لانا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ترکی میں مجھے سفارتکاری کی ذمہ داریاں دینے کی خبر حقیقت پر مبنی نہیں۔

مزیدخبریں