کوئٹہ: جناح ٹاﺅن سے چین کے دو باشندے اغوا

03:45 PM, 24 May, 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاﺅن سے چین کے دو باشندوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ مغویوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان چینی باشندوں کے ساتھ ایک اور غیر ملکی خاتون بھی موجود تھیں تاہم اغوا کار انھیں اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ واقعے کے حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ یہ غیر ملکی باشندے چینی زبان سیکھانے کیلئے تعلیمی ادارے کی جانب جا رہے تھے اور وہ بغیر سیکیورٹی کے پیدل سفر کر رہے تھے۔

مسلح اغوا کاروں کی فائرنگ سے ایک راہ گیر زخمی ہوا  جسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشت گرد ی کی کارروائیوں کے سہولت کار کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی اعترافی ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں 24 سے زائد دہشت گرد کارروائیوں میں سہولت کاری کا اعتراف کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کو سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہماری فورسز نے صوبے میں دہشت گردی کی بڑی وارداتوں کو ناکام بھی بنایا ہے اور پورے بلوچستان میں ہائی الرٹ کیا ہوا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کے اغواء کے حوالے سے پتہ چل گیا ہے تاہم ان کی بازیابی کے حوالے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

واضح رہے رواں سال مارچ کے مہینے میں سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن عبداللہ جان کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ اس سے قبل بلوچستان کے ضلع آواران سے ایسے تین سرکاری ملازمین کو اغوا کیا گیا ہے جنھوں نے 15 مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری میں حصہ لینا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں