کرک میں قیام امن کے لیے اہم جرگہ، مل کر امن کے قیام کا عزم

09:50 PM, 24 Mar, 2025

کرک: کرک میں امن کے قیام کے حوالے سے ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کے عمائدین، ممبران اسمبلی اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

جرگے میں تمام شرکاء نے قیام امن کے لیے ایک ساتھ چلنے کا عزم ظاہر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے تمام ادارے اور عوام کو یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا۔

ضلعی سیکرٹریٹ میں ہونے والے اس جرگے میں نائن ڈیو کے جی او سی میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کیا جائے گا اور قیام امن ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔

میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے مزید کہا کہ جو بھی ریاست کی رٹ چیلنج کرے گا اور امن خراب کرے گا، وہ ہمارے مشترکہ دشمن کا حصہ ہوگا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام کی حمایت کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ کرک اور قریبی علاقوں میں کسی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں۔ جہاں عوام کو فوج کی مدد کی ضرورت ہوگی، وہاں فوج اپنی خدمات پیش کرے گی۔

مزیدخبریں