وزیراعظم شہباز شریف کا معیاری بیج کی فراہمی سے زرعی انقلاب لانے کا عزم

07:08 PM, 24 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی زراعت کی ترقی کے لیے معیاری بیج کی فراہمی اہم ترین قدم ثابت ہو سکتی ہے، جس سے ملک میں زرعی انقلاب ممکن ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کا ایک بڑا حصہ دیہاتوں میں مقیم ہے، جو ملکی زراعت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) میں جدید ایرو پانکس طریقہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں ترقی کے لیے بہترین بیج، کھاد اور ادویات کی فراہمی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریہ کوریا کے تعاون سے آلو کے بیج سے متعلق ادارہ قائم کیا گیا ہے، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر کسانوں کو مناسب قیمتوں پر زرعی اجزاء فراہم کرے، تو ملک کی زراعت میں تیزی سے ترقی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زرخیز زمین کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، اور اگر کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد فراہم کی جائے تو ملکی زراعت کی پیداوار میں اضافہ ہو گا اور پاکستان نہ صرف اپنی ضروریات پوری کرے گا بلکہ زرعی مصنوعات کی برآمد بھی ممکن ہو گی۔

مزیدخبریں