سعودی حکومت کا فیصلہ: حج 2025 کے لیے میننجائٹس ویکسین لازمی

03:30 PM, 24 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

جدہ: سعودی حکومت نے حج 2025 کے لیے میننجائٹس ویکسین کو لازمی قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق، تمام ملکی اور غیرملکی عازمین کو ویکسینیشن کرانا ضروری ہوگا، ورنہ انہیں حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزارت حج نے واضح کیا کہ ویکسین کے بغیر کسی بھی شخص کو حج پیکج بک کرنے یا رجسٹریشن کرانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دوران حج متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ سعودی حکومت نے مزید بتایا کہ میننجائٹس ایک خطرناک بیماری ہے جو رش والی جگہوں پر تیزی سے پھیل سکتی ہے، اس لیے حج کے موقع پر اس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانا ضروری ہے۔

یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب حج 2025 کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے، اور مختلف ممالک کے ساتھ حج معاہدے طے پا رہے ہیں۔ عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین کروا کر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

مزیدخبریں