ملک بھر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ، الرٹ جاری

 ملک بھر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ، الرٹ جاری

لاہور : محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 25 سے 27 مارچ کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر کی بالائی وادیوں میں 25 سے 28 مارچ تک موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں 25 سے 27 مارچ تک آندھی اور تیز بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات، اسلام آباد اور پنجاب کے بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، جہلم، گجرات، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولپور، بھکر اور ساہیوال میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

بلوچستان اور سندھ کے کچھ علاقوں میں 25 اور 26 مارچ کے دوران بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے آندھی اور ژالہ باری کی وجہ سے پنجاب اور کے پی کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں