اوٹاوہ : کینیڈا کے نومنتخب وزیرِاعظم مارک کارنی نے ملک میں 28 اپریل کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا ہے، تاکہ اپنی حکومت کو مضبوط مینڈیٹ فراہم کیا جا سکے۔ وزیرِاعظم کارنی نے کہا کہ انہوں نے گورنر جنرل سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کیا جائے اور انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
کینیڈا کے آئندہ انتخابات میں لبرل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے درمیان 343 نشستوں پر سخت مقابلہ متوقع ہے۔ وزیرِاعظم مارک کارنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی حکومت متوسط طبقے کے ٹیکس میں کمی کی تجویز دے رہی ہے اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی تنقید کی، یہ کہتے ہوئے کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ وہ کینیڈا کو توڑ کر ہم پر حکمرانی کریں۔ کارنی نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے غیر منصفانہ تجارتی اقدامات اور ٹیرف کی وجہ سے کینیڈا کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ 14 مارچ کو مارک کارنی نے کینیڈا کے 24ویں وزیراعظم کے طور پر عہدہ سنبھالا، جس کے ساتھ ہی جسٹن ٹروڈو کا تقریباً 10 سالہ دور اقتدار اختتام کو پہنچا۔ ٹروڈو نے جنوری میں مہنگائی اور امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں کشیدگی کے باعث وزیرِاعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔