غزہ : فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار 21 تک پہنچ چکی ہے۔ اس دوران ایک لاکھ 13 ہزار 274 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 41 فلسطینی شہید اور 61 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ شہدا کی تعداد میں 233 افراد کا اضافہ ہوا ہے، جو پہلے لاپتا تھے مگر بعد میں ان کی شہادت کی تصدیق کی گئی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمینی اور فضائی حملے دوبارہ شروع کر دیے ہیں، جن کے نتیجے میں 18 مارچ سے اب تک 673 فلسطینی شہید جبکہ 1233 زخمی ہو چکے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ شہدا کی تعداد صرف ایک محتاط تخمینہ ہے، کیونکہ غزہ کے صحت کے مراکز میں صرف وہ افراد رجسٹر ہو پائے ہیں، جنہیں دفنایا گیا یا جو ملبے کے نیچے دب کر لاپتا ہو گئے ہیں، ان کی تعداد کا حساب کتاب مشکل ہے۔
غزہ کی صورتحال دن بدن سنگین ہو رہی ہے، اور عالمی برادری سے فوری طور پر اس انسانی بحران کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔