نیو دہلی: بھارتی پارلیمنٹ نے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو نااہل قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز بھارتی عدالت کی جانب سے ہتک عزت کیس میں مجرم قرار دینےکے فیصلے کے بعد راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ راہول گاندھی بھارتی ریاست کیرالہ سے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے ممبر منتخب ہوئے تھے۔
گزشتہ روزبھارت کی مغربی ریاست گجرات میں ایک عدالت نے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو 2019 میں کی گئی ایک تقریر پر ہتکِ عزت کا قصوروار قرار دیا ہے اورانھیں دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔اس تقریر میں مودی نام کا مضحکہ اڑایا تھا اور کہا تھا کہ یہ تمام چوروں کا عرفی نام ہے۔
عدالت نے راہول گاندھی کے بیان کو توہین آمیز پایا ہے۔ عدالت نے انھیں تعزیرات ہند کی دفعات499 اور500 کے تحت قصوروار پایا۔ درخواست گزار پورنیش مودی کے وکیل کیتن ریشم والا نے کہا کہ مدعاعلیہ کو دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔